ہرارے:پہلا ون ڈے:افغانستان کی زمبابوے کو 12 رنز سے شکست

165

افغانستان نے زمبابوے کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 12 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، بارش کے باعث میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ہوا۔ افغانستان ٹیم کے قائد اصغر سٹانک زئی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

جمعرات کو کھیلے گئے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں افغانستان ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 49.2 اوورز میں 215 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، کپتان اصغر سٹانک زئی کے سوا افغانستان کا کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، اصغر 50 رنز بنا کر نمایاں رہے، نور علی 39، محمدشہزاد 8، رحمت شاہ 31، حشمت اللہ 21، محمدنبی 6، نجیب اللہ 11، گلبدین نائب ایک، راشدخان 32 اور دولت زدران 2 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، گریم کریمر نے 3 وکٹیں لیں، جواب میں زمبابوین ٹیم نے 27.2 اوورز میں 4 وکٹوں پر 99 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی جس کے بعد میچ مکمل نہ ہو سکا اور ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت افغانستان کی ٹیم 12 رنز سے کامیاب قرار پائی۔ عامرحمزہ، محمدنبی، گلبدین نائب اور راشد خان نے ایک، ایک وکٹ لی۔