روس کی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت پر پابندی عائد

193

ایتھلیٹکس گورننگ باڈی نے روس پر معطلی کی سزا میں توسیع کرنے کے حق میں ووٹ دیا ہے جس کی وجہ سے روس رواں برس اگست میں لندن میں شیڈول ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت نہیں کرے گا۔

انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ایتھلیٹکس فیڈریشن (آئی اے اے ایف) نے نومبر 2015ء میں اسٹیٹ سپانسرڈ ڈوپنگ اسکینڈل سامنے آنے کے باعث روس پر انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت پر پابندی عائد کی تھی جس کی وجہ سے روس گزشتہ برس منعقدہ ریو اولمپکس اور پیرالمپکس گیمز میں بھی شرکت نہیں کر سکا تھا۔

میگا ایونٹ 4 سے 13 اگست کھیلا جائے گا۔ آئی اے اے ایف کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق مناکو میں آئی اے اے ایف کونسل اجلاس میں روس کی معطلی کی سزا میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے باعث روس ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں حصہ نہیں لے گا تاہم بعض رشین ایتھلیٹس انفرادی طور پر غیرجانبدار بینر کے ذریعے گیمز میں حصہ لے سکتے ہیں۔