سانحہ سیہون کے مجرموں کی گرفتاری تک سکون نہیں ملے گا،مرادعلی شاہ

227

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سانحہ سیہون شریف کے مجرموں کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے مجرموں کی گرفتاری تک سکون نہیں ملے گا۔ شہدا کے ورثا کی آہیں ذہن اور دماغ میں گھوم رہی ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر صورت جیتنی ہے۔

سانحہ سیہون اور امن وامان کی صورتحال پر وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ درگاہ کی بجلی چار کروڑ روپے بل کی عدم ادائیگی پر کاٹی گئی۔

وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا حیسکو بجلی نہیں کاٹ سکتی تھی، متعلقہ وزارت سے بل کا معاملہ طے پا گیا تھا۔ محکمہ اوقاف ہر مزار پر لیڈی سرچرز تعینات کرے، ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز اور محکمہ اوقاف کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی روزانہ سیکیورٹی پر رپورٹ دے گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہمارے عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بہادری سے لڑ رہے ہیں، ہمیں ہر صورت یہ جنگ جیتنی ہے۔

وزیراعلیٰ نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ لعل شہباز قلندر، شاہ لطیف بھٹائی، عبداللہ شاہ غازی مزار سمیت چھیاسی درگاہوں کی سیکیورٹی الرٹ کی جائے۔