کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے جد وجہد کر رہے ہیں، یاسین ملک

206

مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل کو سراسر بھارتی ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کے سربراہ کا حالیہ بیان اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ بیگناہوں کے قتل عام کا یہ سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی تسلط کے خلاف لڑنے اور اپنی جانیں قربان کرنے والے نوجوانوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ یاسین ملک نے کہا کہ بھارتی رہنما اور فوجی افسراپنے دھمکی آمیز بیانات سے کشمیریوں کو ہرگز مرعوب نہیں کرسکتے اور وہ شہداء کے مقدس مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔