جی سی سی کی مدد سے دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے،رجب طیب اردوگان

249

ترک صدر رجب طیب اردوگان نے کہا ہے کہ سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے دن گنے جاچکے ہیں اور اس تنظیم کے خلاف جنگ میں سعودی عرب کی قیادت میں خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک کی حمایت سے فیصلہ کن فتح جلد حاصل کر لی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے ایک انٹرویو میں کیا ۔ ترک صدر کا کہنا تھا کہ داعش ، بوکو حرام اور القاعدہ جیسے بین الاقوامی دہشت گرد گروپس کو عالمی برادری کے بعض ارکان کی جانب سے بھی مدد مل رہی ہے۔

رجب طیب اردوگان نے شام میں جاری بحران پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسد رجیم نے اب تک قریباً دس لاکھ بے گناہ لوگوں کو موت کی نیند سلا دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ خطے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ ایک مسلسل عمل ہے۔

ترک صدر کا کہنا تھ اکہ ترکی اسد مخالف مقامی فورسز کی ضروری تربیت کی شکل میں امداد جاری رکھے گا اور اس حوالے سے سعودی اور یورپی عہدہ داروں سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

انھوں نے بتایا ہے کہ اس وقت ان کا ملک 28 لاکھ شامی مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے۔ رجب طیب اردوگان نے اپنی اس تجویز کا اعادہ کیا کہ جرابلس اور الرائے کے درمیان ایک محفوظ اور نوفلائی زون قائم کیا جانا چاہیے تاکہ وہاں مزید شامی مہاجرین کو ٹھہرایا جاسکے۔

ترکی اور روس کے درمیان تعلقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ترک صدر کا کہنا تھا کہ ” ممکن ہے ان تعلقات سے کسی کو مسئلہ ہو لیکن خطے کے مستقبل اور استحکام کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات بڑی اہمیت کے حامل ہیں”۔