پندرہ لاکھ بے گھر عراقیوں کی اپنے گھروں کو واپسی

151

امیگریشن کی عالمی تنظیم کے ترجمان نے کہا ہے کہ15 لاکھ بے گھر عراقی اپنے اپنے گھروں کو واپس لوٹ گئے ہیں۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق امیگریشن کی بین الاقوامی تنظیم کے ترجمان جوئل مل مین نے کہا کہ جنوری 2014 میں عراق میں بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد 30 لاکھ سے زائد تھی جنھیں3661مراکز میں بسایا گیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ الانبار کے علاقوں کی دہشت گردوں کے قبضے سے آزادی کے بعد، بے گھر عراقیوں کی اپنے گھروں کو واپسی کا عمل شروع ہوا اور73386 افراد صوبے الانبار میں اپنے گھروں کو واپس لوٹے۔

انھوں نے کہا کہ یہ افراد ایسی حالت میں واپس پہنچے ہیں کہ ان کے علاقوں میں داعش کے ہاتھوں بچھائی جانے والی بارودی سرنگوں سے لاحق خطرات اور بنیادی تنصیاب کو تباہ کئے جانے جیسے مسائل کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ داعش دہشت گرد گروہ نے 2014 میں امریکہ اور اس کے مغربی اتحادیوں اور بعض عرب ملکوں منجملہ سعودی عرب کی حمایت سے عراق پر حملہ کر کے اس ملک کے بعض علاقوں پر قبضہ کرلیا تھا جہاں انھوں نے بے گناہ عام شہریوں کا بے تحاشہ خون بھی بہایا۔

تاہم عراقی فوج اور عوامی رضاکاروں نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے بہت سے علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔