مشرق وسطیٰ میں دہشتگردی کی وجہ غیرعلاقائی ممالک کی فوجی مداخلت ہے،ایران

165

ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کا کہنا ہے کہ مغرب کے لئے مسلمانوں کو ہر چیز کا ذمے دار ٹھہرا دینا نہایت آسان ہے ، مشرق وسطیٰ میں دہشتگردی کی بنیادی وجہ غیر علاقائی ممالک کی خطے میں فوجی مداخلت ہے ۔

ایرانی وزیر خارجہ نے ان خیالات کا اظہار میونخ میں جاری 53 ویں بین الاقوامی سیکورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات کا ادراک کرنا ہوگ اکہ دوسروں کی سلامتی کو نقصان پہنچا کر اپنے آپ کو تحفظ نہیں دے سکتے ، اور یہ سوچ غیر حقیقت پسندانہ ہے ،

محمدجواد ظریف نے مزید کہا کہ غیر ریاستی عناصر آج دنیا بھر میں اپنی کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ ان کارروائیوں میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جبکہ یہ بات سوچنے کی ہے کہ کوئی ایک طاقت یا ایک ملک ایسے عناصر سے تنہا نہیں لڑ سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی ایک طاقت یا ایک سے زائد طاقتیں اس عالمی مسئلے کا دوسروں کو ذمہ دار ٹھرا کے یا ان کو اس مسئلے کے حل سے باہر نکال کے اس صورتحال پر قابو بھی نہیں پاسکتیں۔ ایرانی وزیر خارجہ محمدجواد ظریف نے کہا کہ مغرب اور مسلم ممالک اس صورتحال کے لئے ایک دوسرے کو ذمہ دار ٹھرا کے کچھ بھی حاصل نہیں کرسکتے۔

محمدجواد ظریف نے انتہاپسندی اور تکفیری سوچ کو اسلام سے جوڑنے پر مبنی تاثر کو یکسر مسترد کردیا اور کہا کہ اسلام کا تشدد ، نفرت اور انتہاپسندی سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اسی وجہ سے آج ہم داعش اور النصرہ فرنٹ جیسے دہشتگرد گروہوں کے انسانیت سوز اقدامات کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مغرب کے لئے مسلمانوں کو ہر چیز کا ذمہ دار ٹھرانا بہت آسان ہے۔ ظریف نے تاکید کی کہ علاقائی تنازعات بالخصوص عراق، شام اور بحرین کے مسائل کا حل صرف اور صرف سیاسی عمل سے ہی ممکن ہے۔