پشاور: ٹول پلازہ پر مشکوک گاڑی میں سوارفرد کی پولیس پر فائرنگ

159

پشاور ٹول پلازہ پر موٹروے پولیس پر مشکوک گاڑی سے نکل کر ایک شخص نے فائرنگ کردی جب کہ دوسرا شخص گاڑی لیکر صوابی کی طرف فرار ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کی صبح ٹول پلازہ پر ناکہ پر موجود موٹروے پولیس نے تلاشی کے لئے ایک مشکوک گاڑی کو روکا جس پر گاڑی میں سوار ایک شخص نے کار سے باہر نکل کر پولیس پر گن تان لی اور ہوائی فائرنگ کی۔ پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مسلح فرد کو قابو کرلیا ۔

موٹروے پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے فائرنگ سے کسی طرح کا کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا جب کہ گاڑی میں سوار دوسرے شخص نے ناکہ سے گاڑی صوابی کی طرف موڑ کر دوڑا دی جس کا موٹروے پولیس تعاقب کر رہی ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی میں دو مرد اور ایک خاتون سوار تھیں جن میں سے ایک شخص کو گرفتار کرکے مقامی پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے کہ جب کہ باقی دو افراد کی گرفتاری کے لئے پولیس گاڑی کا تعاقب کررہی ہے۔

پولیس کا اس حوالے سےمزید کہنا ہے کہ گرفتار شخص کی شناخت کاشف خان کے نام سے ہوئی ہے اور یہ فرد پشاور کا رہائشی ہے۔حراست میں لیے گئے ملزم سے گاڑی میں سوار افراد سے متعلق مزید تفتیش کی جارہی ہے۔