ملک بھر میں فوجی عدالتیں وقت کی ضرورت ہیں،شاہ محمودقریشی

167

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں فوجی عدالتوں کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔

تھر پارکر کے مختلف گائوں کے دورے کے دوران اپنے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کے دوران شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش داخلی و خارجی مسائل کی بنیادی وجہ موجودہ حکومت کی کمزور خارجہ پالیسی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات کو روکنے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے لہذا فوجی عدالتوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت بن گیا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مسلسل واقعات کی بنیادی وجہ وفاقی حکومت کا غیر سنجیدہ رویہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی جانب سے افغان سفارتکاروں کو جی ایچ کیو طلب کرکے خدشات سے آگاہ کرنا اچھا اقدام تھا۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور خاص طور پر لعل شہباز قلندر کے مزار پر ہونے والا دھماکا آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہونا چاہیے کہ کس طرح دہشت گرد ملک بھر میں آسان اہداف کو نشانہ بنارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ درگاہ لعل شہباز قلندر کی ناقص سیکیورٹی بھی حملے کی وجہ بنی جس کی وجہ سے 88 زائرین جاں بحق ہوئے۔

دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کے انسانی اعضا کچے نالے میں پھینکے جانے کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ‘مجھے یہ جان کر بہت ہی دکھ ہوا’۔انہوں نے کہا کہ ملک کے طول و عرض میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں سے لڑنے کی اشد ضرورت ہے۔

شاہ محمود قریشی نے الزام عائد کیا کہ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے کے لیے سرگرم ہے جبکہ وفاقی حکومت بین الاقوامی فورمز پر اہم معاملات کو موثر طریقے سے اٹھانے میں بری طرح ناکام ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ بھارت اور اس کے جنونی وزیراعظم کو چیلنج کیا ہے کہ وہ کرائے کے ایجنٹس کے ذریعے پاکستان میں اپنی گندی سرگرمیاں بند کرے۔