صنعاء میں عرب اتحادی طیاروں کی بمباری،باغیوں کا اسلحہ ڈپو تباہ

254

سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کےطیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعاء میں بڑا حملہ کرکے حوثی باغیوں کے زیر کنٹرول اسلحے کا بڑا ڈپو تباہ کر دیا ۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عرب اتحاد کے طیاروں نے مغربی صنعاء میں شاہراہ 60 پر واقع فضائیہ کالج اور اس سے ملحقہ آڈیٹوریم پر بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں وہاں پر چھپایا گیا اسلحہ اور گولہ بارود تباہ کردیا گیا۔

میڈیا کے مطابق اتحادی طیاروں نے مسلسل پانچ فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں باغیوں کا اسلحہ کا گودام مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور اس میں آگ بھڑک اٹھی ہے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ اتوار کی شام مغربی صنعاء میں اتحادی فوج کے طیاروں کی بمباری کے بعد ایک جگہ پر آگ کے شعلے اور دھوا دیکھا گیا اور زور دار دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دیتی رہی ہیں۔

دوسری طرف شمالی صنعاء میں گذشتہ روز حوثی ملیشیا اور حوثیوں کے زیرانتظام نام نہاد پولیس اہلکار آپس میں اس وقت الجھ پڑے، جب ملیشیا کے عناصر چندہ جمع کرنے الجلمہ بازار پہنچے۔

اطلاعات کے مطابق حوثیوں کی باہمی لڑائی کے نتیجے میں چار مسلح جنگجو ہلاک اور دو پولیس اہلکار اور دو عام شہری زخمی ہوگئے۔ جھڑپوں کے بعد بازار کو بند کردیا گیا۔