بوم بوم آفریدی کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

110

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور دھواں دھار بلے باز بوم بوم آفریدی نے شارجہ میں کراچی کنگز کے خلاف میچ کے اختتام پر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ۔ آفریدی کہتے ہیں قومی ٹیم میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں تاہم پشاور زلمی کی طرف سے کھیلتا رہوں گا ۔

شارجہ میں کراچی کنگز کے خلاف دھواں دھار بلےبازی کا مظاہرہ کرنے کےبعد سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ۔

شاہد آفریدی نے 27 ٹیسٹ، 398 ون ڈے اور 98 ٹی ٹوئنٹی میچز میں قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی۔ بوم بوم آفریدی نے 5 سنچریوں اور 8 نصف سنچریوں کی بدولت ٹیسٹ کیرئیر میں 36.51 کی اوسط سے ایک ہزار 176 رنز بنائے اور 48 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

ایک روزہ میچز پر نظر ڈالی جائے تو شاہد خان آفریدی نے 398 ایک روزہ میچز پاکستان کی نمائندگی کی ، انہوں نے 6 سنچریوں اور 39 نصف سنچریوں کی مدد سے 8 ہزار 64 رنز بنائے اور 395 وکٹیں بھی لینے میں کامیاب رہے۔

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں شاہد آفریدی نے 98 میچز کھیل کر 18.01 کی اوسط سے ایک ہزار 405 رنز بنائے اور 97 وکٹیں بھی حاصل کیں۔