ہٹلر کا فون دو لاکھ 43 ہزار ڈالر میں فروخت

201

امریکہ میں  ہٹلر کا  ٹیلی فون دو لاکھ 43 ہزار امریکی ڈالر میں خرید لیا گیا ہے۔فون خریدنے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی کئی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق فون کی بولی امریکی ریاست میری لینڈ میں لگائی گئی ۔ منتظمین نے ابتدائی بولی ایک لاکھ امریکی ڈالر رکھی تھی۔لال رنگ کے اس فون پر جرمن رہنما ہٹلر کا نام کندہ ہے اور یہ برلن کے ایک بنکر سے سنہ 1945 میں برآمد ہوا تھا۔ فوجیوں نے جرمنی کے ہتھیار ڈالنے کے بعد برطانوی بریگیڈیئر سر راف رینر کو یادگار کے طور پر یہ فون تحفے میں دیا تھا۔

الیگزینڈر ہسٹاریکل آکشنس نامی نیلام گھر نے اس فون کو فروخت کیا۔اس سے قبل نیلام گھر کے منتظمین نے بتایا تھا کہ سر راف کے بیٹے اس فون کو فروخت کر رہے ہیں اور اس نے امید ظاہر کی تھی کہ اس کی قیمت تین لاکھ ڈالر تک جا سکتی ہے۔