حالیہ دہشتگردی کے بعد آئی ایم ایف کا دورہ پاکستان ملتوی

122

ملک میں حالیہ دہشت گردی  کے واقعات کے بعد عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف ) نے اپنا دورہ پاکستان ملتوی کردیا۔

پاکستان میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے باعث آئی ایم ایف نے اپنا دورہ پاکستان ملتوی کردیا۔عالمی مالیاتی ادارے کے وفد نے آئندہ ہفتے اسلام آباد آناتھا۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قرض پروگرام کے بعد دونوں جانب سے حکام کی پہلی ملاقات ہونی تھی ۔ مذاکرات میں پاکستانی معاشی کارکردگی کا جائزہ لیا جانا تھا ۔

خیال رہے کہ آئی ایم ایف کا معاشی جائزہ پاکستان کیلیے اہم ہے۔ پاکستان کوغیر ملکی مارکیٹ اورقرض دہندگان سے قرضوں کیلیے آئی ایم ایف کی اچھی رپورٹ درکار ہے۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آئندہ ہونے والے مذاکرات میں پروگرام  کے اختتام کے بعد ملکی معیشت میں ہونے والے بگاڑ کی بھی نشان دہی متوقع تھی ۔ اس کے علاوہ سرکلر ڈیٹ ، مالیاتی خسارے میں اضافہ اور بیرونی و اندورنی قرضوں کی صورت حال زیر بحث آنے کا امکان تھا۔