ایران میں سپاہ پاسداران کی زمینی مشقوں کا آغاز

194

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی پیامبر اعظم گیارہ نامی فوجی مشقیں مرکزی ایران کے وسیع علاقے میں شروع ہوگئی ہیں۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق فوجی مشقوں کے پہلے مرحلے میں فرضی دشمن کے ٹھکانوں کو مرصاد نامی جدید ترین اسمارٹ اور گائیڈڈ میزائلوں اور راکٹوں سے نشانہ بنایاگیا پیامبر اعظم گیارہ فوجی مشقیں مرکزی ایران کے صحرائی علاقے میں بدھ تک جاری رہیں گی جن کے دوران سپاہ کی بری فوج کے مختلف یونٹ فرضی دشمن  کے خلاف انٹیلی جینس کارروائیاں بھی انجام دیں گے۔

اس دوران بیرونی دشمن کے ہر ممکنہ حملے سے نمٹنے کی غرض سے بری فوج کی توانائیوں کا مظاہرہ کیا جائے گا۔رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے گزشتہ سال اگست کے آخر میں وزرات دفاع کے سائنسدانوں اور ماہرین سے خطاب کرتے ہوئے، دفاعی اور جنگی طاقت میں اضافے کو ایران کا مسلمہ حق قرار دیا تھا۔

رہبر انقلاب اسلامی کے بیان کے مطابق، ایسے وقت میں جب دنیا کی منہ زور اور تسلط پسند طاقتیںکسی بھی اخلاقی اور انسانی قدروں کی پابند نہیں ہیں اور دیگر ملکوں پر حملہ کرکے ، بے گناہوں کا خون بہانے میں مصروف ہیں، ملک کی دفاعی اور جنگی طاقت میں اضافہ فطری بات ہے۔

ایران کی مسلح افواج اپنے کلینڈر کے مطابق سال کے بھر کے دوران مختلف فوجی مشقیں انجام دیتی ہیں جن کا مقصد خطے کے ملکوں کو دوستی کا پیغام دینا اور اسلامی جمہوریہ ایران کے دشمنوں کو خبردار کرنا ہے۔