پاک افغان سرحد پر سیکورٹی سخت ، بھاری توپ خانہ پہنچا دیا گیا

285

سانحہ لاہور اور سہون کے بعد دہشت گردوں کی سرحد پار سے آمد و رفت روکنے کے لئے پاک فوج نے افغان سرحد سے متصل علاقوں پر سیکیورٹی مزید سخت کر کے بھاری توپ خانہ بھی سرحد پر پہنچا دیا ہے۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق ملک میں جاری حالیہ دہشت گردی کی لہر کے پیش نظر جہاں ملک بھر میں سیکیورٹی انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں وہیں چند دنوں میں ہونے والے دھماکوں کے تانے بانے افغانستان سے ملنے کے شواہد کے بعد سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کے لئے موثر نگرانی کا فیصلہ کیا ہے۔

پاک افغان بارڈر پر سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے اور پاک فوج کی جانب سے بھاری توپ خانہ بھی سرحد پر پہنچا دیا گیا ہے، سرحد پار سے دہشت گردوں کی آمد ورفت کی موثر نگرانی کے لئے بھاری آرٹلری بھیج کر سیکورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے اس وقت پاک افغان سرحد پر آمدورفت معطل ہے اور سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب خیبر ایجنسی کے تمام راستوں پر سیکورٹی سخت کر دی گئی۔سیکیورٹی فورسز نے طورخم کی جانب جانے والے راستوں پر جگہ جگہ ناکہ بندیوں کا سلسلہ بڑھا دیا ہے۔

واضح رہے کہ پہلے لاہور اور پھر سہون میں لعل شہباز قلندر پر ہونے والے خود کش حملے کے تانے بانے افغانستان سے ملنے کے شواہد کے بعد ملک بھر میں کومبنگ آپریشن بھی تیز کر دیا گیا ہے جبکہ پاک فضائیہ کی جانب سے افغانستان میں کالعدم تنظیم جماعت الاحرار اور ٹی ٹی پی کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔