ملک بھر میں سیکورٹی فورسز کا سرچ آپریشن تیز،سینکڑوں گرفتار

130

ملک بھر میں شدت پسندوں اور دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے خلاف سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن تیزکرتے ہوئے متعدد افغان باشندوں سمیت سینکڑوں افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرکے سیکورٹی فورسز نے 250 افراد کو حراست میں لے لیا ۔ منڈی بہاوالدین سے 143 ، حافظ آباد سے 16 ، راولپنڈی سے 87 اور ڈیرہ غازی خان سے 3 مشتبہ افراد حراست میں لئے گئے۔

حافظ آباد کے مختلف علاقوں میں پولیس اورحساس اداروں نے کومبنگ آپریشن کیا اور 16 ملزمان کو گرفتار کر کے اور منشیات برآمد کرلی۔

راولپنڈی کے علاقوں راول ٹاون ، ڈبل روڈ ، کمرشل مارکیٹ، وارث خان ، کینٹ اور دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن کئے گئے۔ اس دوران ہوٹلوں اور گیسٹ ہاوسز سے نامکمل کوائف رکھنے والے 87 افرادکو حراست میں لیاگیا۔ شہر کے داخلی راستوں پر پولیس اور فوج کی مشترکہ چوکیوں کی تعداد چھ سے بڑھا کر بارہ کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب منڈی بہاوالدین میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی نے ایک بازار ، رنمل شریف اور ضلع بھر کی افغان بستیوں میں کارروائی کی ، جس کے دوران افغان باشندوں سمیت 143 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔

علاوہ ازیں ڈیرہ غازی خان کے فریدی بازارمیں پولیس نے کارروائی کرکے غیر قانونی مقیم 3 افغان باشندو ں کو گرفتار کرلیا۔

ادھر کوئٹہ سے 35 افغان باشندوں کو گرفتارکرلیا گیا ۔گرفتار باشندوں کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں جبکہ افغان باشندوں کو فورن ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا ہے ،گرفتار افراد کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔