افریقی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 74افراد ہلاک، 46لاپتہ

170

افریقی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 74افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 46افراد لاپتہ ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یورپ پہنچنے کی کوشش میں سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہونے والے 74 مہاجرین کی لاشیں بہہ کر لیبیا کے مغربی شہر زاویہ کے ساحل پر پہنچ گئیں۔

ترجمان ہلال احمر کے مطابق کشتی میں 120افراد سوارتھے جن میں سے 46لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے ۔ محمد المصراتی کے مطابق ملنے والی یہ لاشیں ان مہاجرین کی ہیں جو گزشتہ دو دنوں کے دوران سمندر میں ڈوبے۔ یہ لاشیں سب صحارا کے افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے باشندوں کی ہیں۔

افریقہ سے تعلق رکھنے والے ایسے مہاجرین کے لیے لیبیا کا ساحلی علاقہ انتہائی اہمیت رکھتا ہے جو سمندر پار کر کے یورپ میں داخل ہونے کے خواہشمند ہوں۔ناقابل شناخت لاشوں کی تدفین طرابلس کے قبرستان میں کردی گئی ۔