ترکی کا دشمن پاکستان کا مشترکہ دشمن ہے،وزیراعظم نوازشریف

145

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ ترکی کا دشمن پاکستان کا دشمن ہے ، ترکی میں پچھلے سال 15 جولائی کو ہونے والی ناکام بغاوت کی مذمت کرتے ہیں ، ترکی کی عوام نے ثابت کیا کہ وہ ٹینکوں سے زیادہ سخت جان ہیں ، بغاوت ناکام بنانے والے 248 شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ ترکی کی عوام کی جانب سے کشمیر تنازع پر حمایت کے شکرگزار ہیں ۔

انقرہ میں اعلیٰ سطح تذویراتی کونسل کی صدارت کے بعد پاکستان اور ترکی کے وزرائے اعظم نے مشترکہ پریس کانفرنس کی ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ترکی میں پچھلے سال 15جولائی کے افسوسناک حملے کی مذمت کرتے ہیں ، 15 جولائی کو ترکی کے عوام نے ثابت کردیا ٹینک سے زیادہ طاقتور ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ترکی کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں ، دہشتگردی کےخلاف جنگ میں ترکی کی حمایت کرتے ہیں، بغاوت ناکام بنانیوالے 248 شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے ، ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ یقین ہے ترکی امن ، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے گا، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم دفاع کے شعبے میں تعاون کا فروغ چاہتے ہیں، کیوں کہ ترکی سے دفاعی تعلقات خاص  اہمیت رکھتے ہیں، پاکستان ترکی سے پارٹنرشپ کو بڑی اہمیت دیتاہے۔

قبرص اور مقبوضہ کشمیر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان قبرص کےمعاملے پر ترکی کےموقف کی حمایت کرتے ہیں ، اور ترکی کے عوام کی جانب سے کشمیر تنازع پر حمایت کے شکرگزار ہیں۔

وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ اعلیٰ سطح تذویراتی کونسل کا پانچواں اجلاس کامیاب رہا ، بہترین مہمان نوازی پر ترک قیادت کے شکر گزار ہیں ۔

پریس کانفرنس سے پیشتر پاک ترک وزرائے اعظم نے اعلیٰ سطح تذویراتی کونسل کی صدارت کی ۔ اعلیٰ سطح تذویراتی کونسل کے فیصلے کے اعلامیے پر دونوں ممالک وزرائے اعظم نے دستخط کئے ۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت ، سرمایہ کاری ، توانائی ، مالیات و بینکاری ، ٹرانسپورٹ و مواصلات ،ثقافت ، سیاحت، تعلیم کے شعبے میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے گئے ۔