ٹیم میں واپسی کیلئے بے تاب ہوں،احمد شہزاد

161

قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد نے کہا ہے کہ ٹیم میں واپسی کیلئے بے تاب ہیں جب بھی موقع ملا تو پہلے سے بہتر پرفارم کرنے کی کوشش کروں گا۔

اپنے ایک بیان میں قومی ٹیم کے اوپننگ  بیٹسمین احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ ٹیم سے دوری میرے لئے بہت تکلیف دہ ہے لیکن میرے حوصلے بلند ہیں اور میں بہت جلد ٹیم میں کم بیک کیلئے پر عزم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے غلطیوں سے سبق سیکھا ہے، سابق کھلاڑیوں کی راہنمائی کی وجہ سے میں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز بنائے، وسیم بھائی اور انضمام الحق نے مجھے مثبت رہنے کا کہا، انٹرنیشنل کرکٹ میں کم بیک کرنے کے بعد پہلے سے بہتر پرفارم کروں گا اور شائقین مجھے مختلف انداز میں دیکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں فیملی اور دوستوں نے بہت ساتھ دیا جس کی وجہ سے میرے حوصلے پست نہیں ہوئے اور اب ٹیم میں نہ صرف کم بیک کرنا بلکہ اپنی جگہ مستقل کرنا ہدف ہے اور میں سخت محنت کے سلسلے کو جاری رکھوں گا۔