امریکا سے بے دخل کرنے پر میکسیکو شہری کی خودکشی

187

امریکا سے مسلسل تیسری بار بے دخل کیے جانے پر میکسیکو کے شہری نے سرحد کے قریب پل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق میکسیکو کے شہری نے امریکا سے مسلسل تیسری بار بے دخل کیے جانے پر پل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی ۔خودکشی کرنے والے اس شہری کو امریکی حکام اس سے قبل 2 بار ملک سے بدر کرکے میکسیکو کی سرحد پر چھوڑ آئے تھے، مگر وہ پھر امریکا میں داخل ہوا تھا۔

برطانوی اخبار دی انڈیپینڈنٹ نے رپورٹ کیا کہ خودکشی کرنے والے کی شناخت 44 سالہ گواڈالوپے اولیواس ولینشیا کے نام سے ہوئی۔مقامی اہلکاروں کے مطابق گواڈالوپے نے 21 فروری کی صبح 8 بج کر 20 منٹ پر امریکی سرحد کے قریب پل سے چھلانگ لگائی، جس وجہ سے ان کے سر پر بری طرح چوٹ لگی، انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ راستے میں ہی ہلاک ہوگئے۔

خودکشی کرنے والے شخص سے ملنے والے دستاویزات کے مطابق وہ میکسیکو کی شمال مغربی ریاست سینالوئے کا رہائشی تھا، جو تشدد، منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ سمیت دیگر جرائم کے حوالے سے مشہور ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق گواڈالوپے کو امریکی بارڈر کنٹرول ایجنسی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ ایجنسی(آئی سی ایف) نے ملک بدر کیا تھا۔

خیال رہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تارکین وطنکا پروگرام معطل کرنے سمیت میکسیکو کی سرحد پر دیوار بنانے کا اعلان کیا ہے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق میکسیکو کی سرحد سے ریپسٹ اور منشیات میں ملوث ملزمان کو امریکا میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔