عالمی برادری بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لے، حریت رہنما

279

کشمیری حریت رہنماؤں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بیگناہ کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت کو مقبوضہ کشمیرمیں ریاستی دہشت گردی سے روکے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت رہنماؤں نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب میں قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقو ق کی بڑھتی ہوئی پامالیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کنن پوشپورہ اجتماعی آبروریزی کے المناک واقعے کی متاثرہ خواتین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مجرم بھارتی فوجی اہلکارو ں کو تاحال سزا نہ ملنے پر سخت افسوس ظاہر کیا۔

 حریت رہنماؤ ں نے کہا کہ بھارت کشمیری خواتین کی آبروریزی اور بیگناہ شہریوں کے قتل کے ذریعے کشمیریوں کی جد وجہد آزادی کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم منصوبے میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گا۔ سیمینار کے مقررین نے کشمیری شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی۔

انہوں نے عالمی بردری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں نافذ کالے قوانین کی منسوخی اور غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ سیمینار کی صدارت غلا م محمد صفی اور سید فیض نقشبندی نے کی۔