مقبوضہ کشمیرکی عوام کا ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ کا خیر مقدم

179

مقبوضہ کشمیرکی  عوام  نے انسانی حقوق  کے لئے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم  ایمنسٹی انٹرنیشنل کی مقبوضہ وادی میں بھارتی فوجیوں کےمظالم کے حوالے سے سامنےآنے والی رپورٹ کا خیر مقدم کرتےہوئے عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

مقبوضہ کشمیرمیں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ ( آر ) کے چیئرمین فاروق احمد ڈار نے کشمیرمیں بھارتی مظالم کے بارے میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپوٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ رپورٹ سے ہمارے ان تمام دعوؤں کی تصدیق ہوگئی ہے کہ بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں ،قتل و غارت گری اور لوٹ مارمیں ملوث ہیں ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فاروق ڈار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارتی فورسز نے گزشتہ سال 8جولائی کو معروف کشمیری کمانڈر برہان وانی کی شہادت کے بعد شروع ہونیوالے عوامی انتفادہ کے دوران نہ صرف نہتے کشمیریوں کو قتل اور بدترین ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ اربوں روپے مالیت کی املاک کو بھی تباہ کیا ۔انھوں انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم کی رپورٹ سے انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں بھارتی فورسز کو بری الذمہ قراردینے کے حوالے سے کٹھ پتلی انتظامیہ کے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہو گئے ہیں۔

فاروق ڈار نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ کے بعدمقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کا قتل عام بند کرانے اور مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھائے۔