لیبیا، کنٹینر میں دم گھٹنے سے 13 تارکین وطن ہلاک

218

لیبیا میں کنٹینر میں چھپے 13 تارکین وطن دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے جب کہ ریسکیو ٹیموں نے بروقت طبی امداد   فراہم کر کے 56 افراد کی زندگیاں بچالیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مغربی لیبیا میں ایک شپنگ کنٹینر کے زریعے تارکین و طن کو ایک ساحلی شہر منتقل کیا جا رہا تھا جس کے دوران  13 افریقی تارکین وطن دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے ۔ہلاک ہونے والے افراد میں 13سالہ لڑکی اور 14 سالہ لڑکا بھی شامل ہے ۔کنٹینر میں موجود دیگر 56 افراد کو بچا لیا گیا ہے جن میں سے بعض شدید متاثر ہیں، امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ زیادہ تر تارکین وطن کا تعلق افریقی ملک مالی سے تھا۔

لیبیا ان تارکین وطن کے لیے ایک مرکزی گزر گاہ بن گیا ہے جو بحیرہ روم کو پار کر کے یورپ میں داخل ہونا چاہتے ہیں۔ گزشتہ سال اس راستے سے ریکارڈ تعداد میں ایک لاکھ 81 ہزار تارکین وطن اٹلی پہنچے تھے۔ گزشتہ روز اٹلی کے ساحلی محافظوں اور بین الاقوامی امدادی گروپوں نے لیبیا کے ساحل کے قریب سے تقریبا 750 افراد کو ڈوبنے سے بچا لیا ان افراد میں سے زیادہ تر کا تعلق افریقہ کے زیرِیں صحارا کے علاقے سے تھا۔

افریقہ اور مشرقی وسطی کے ملکوں سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن لیبیا کے راستے بحیرہ روم کو پار کر کے اٹلی اور دیگر یورپی ملکوں میں پہنچنے کی کوشش میں انسانی اسمگلروں کو رقم ادا کرتے ہیں۔