کراچی کنگز نے اہم میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد جیت لیا

188

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن میں کیرن پولارڈ کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز نے لاہور قلندر کو اہم میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے ہرا دیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی کراچی نے پلے آف میں پہنچنے کی امید زندہ کر لی البتہ قلندر کی شکست نے پشاور زلمی کو پلے آف میں پہنچا دیا۔

 دبئی میں کھیلے گئے پی ایس ایل لیگ کے اہم میچ میں کراچی کنگز کے کپتان کمار سنگاکارا نے ٹاس جیت کر پہلے لاہور کو بیٹنگ کی دعوت دی جو ان کیلئے درست ثابت ہوا، قلندر نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 155 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، محمدرضوان 32 اور سہیل تنویر 22 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

 کپتان برینڈن میک کولم 31، ڈیلپورٹ 3، فاخرزمان 19، عمراکمل 20، سنیل نارائن 16 اور گرانٹ ایلیٹ 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شعیب ملک اور اوسامہ میر نے 2، 2 جبکہ محمدعامر اور سہیل خان نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں کراچی کنگز نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی آخری گیند پر 5 وکٹوں پر حاصل کیا، پولارڈ نے عامر یامین کو مسلسل دو چھکے لگا کر ٹیم کو کامیابی دلائی۔

پولارڈ نے مشکل وقت میں جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف باؤلرز کی خوب دھنائی کی اور 20 گیندوں پر 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر قلندر کی جیت کی ارمانوں پر پانی پھیر دیا، عماد وسیم نے 19 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، بابراعظم 49، مہیلا جے وردھنے 10، سنگاکارا 20، شعیب ملک 6 اور روی بوپارہ 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سنیل نارائن اور فاخرزمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔