مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری شبیر احمد شاہ نے بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت کے حالیہ بیان کہ کشمیرکی آزادی کا سوچا بھی نہیں جاسکتا، کو مضحکہ خیز اور غرور و تکبرسے پْر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کو اس طرح کے بیانات سے ہرگز مرعوب نہیںکیا جاسکتا۔
شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں جاری بیان میں کہا قوموں کا جذبہ آزادی توپ و تفنگ یا دھمکیوںکے بل پر ختم نہیں کیا جاتا۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری بھارتی قبضے کے خلاف گزشتہ سات برس سے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں اور انہوں نے اپنے عظیم شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کر رکھا ہے۔
انہوں نے بھارتی حکمرانوں اور فوجی افسروں کو مشورہ دیا کہ وہ اس حقیقت کوتسلیم کرلیں کہ جموں کشمیر ایک متناز خطہ ہے اور اقوام متحدہ نے اس تنازعے کے بارے میں 18 کے لگ بھگ قرادادیں پاس کر رکھی ہیں لہذا وہ اٹوٹ انگ کی رٹ ترک کر کے اس مسئلے کے حل کے لیے اقدامات کریں۔
شبیر احمد شاہ نے کہا کہ کشمیر کے دیرینہ تنازعے کو حل کیے بغیر خطے میں پائیدارامن و ترقی کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔