نئی دہلی:چرچ جانے والے ٹرک کو حادثہ،16افرادہلاک،50زخمی

235

بھارت میں زائرین کو چرچ لے جانے والا ٹرک حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ بھارت کی شمال مشرقی ریاست میگھالیا کے ضلع ویسٹ کھاسی ہلز کے قریب پہاڑی علاقے پر پیش آیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس سپرنٹنڈنٹ سلویسٹر نانگٹینگر نے بتایا کہ ‘زخمیوں کا یہ کہنا ہے کہ بس ڈرائیور تیزرفتای کی وجہ سے ٹرک پر قابو نہ رکھ سکا اور ٹرک سڑک پر رکھے ایک کنکریٹ کے بیریئرز سے ٹکرانے کے بعد الٹ گیا’۔

پولیس نے زخمیوں کے حوالے سے بتایا کہ ٹرک الٹنے کے بعد ٹرک میں موجود متعدد افراد کھائی میں جاگرے۔انہوں نے بتایا کہ ہم نے جائے حادثہ سے تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں ٹریفک حادثات معمول کی بات ہیں اور اس کی اہم وجہ خطرناک اور ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، ناقص گاڑیاں اور تیز رفتاری ہے جس کے سبب سالانہ ڈیڑھ لاکھ ہلاکتیں ہوتی ہیں۔

گزشتہ ماہ بھی بھارت کی شمالی ریاست اتر پردیش میں اسکول بس ٹرک سے ٹکراگئی تھی جس کے نتیجے میں 12 بچوں سمیت 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔