جماعت اسلامی کی اجتماعیت ہمارے لئے بہترین نعمت ہے، حافظ نعیم الرحمان

284

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کرپشن سے پاک جماعت ہے۔ جماعت اسلامی کی قیادت ارکان پارلیمنٹ اور بلدیاتی اداروں کی نمائندوں نے عوامی خدمت اور اہلیت و دیانت داری میں مثالیں قائم کی ہیں۔ جماعت اسلامی صرف سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک اجتماعیت اور اقامت دین کی تحریک ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد قبائ، گلبرک میں جماعت اسلامی ضلع وسطی کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان، سیکرٹری جنرل ضلع وسطی محمد یوسف و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی اجتماعیت ہمارے لئے بہترین نعمت اور تحفہ ہے۔ اجتماعیت کی طاقت اور قوت سب کو ایک ساتھ جوڑے رکھتی ہے۔ بحیثیت مسلمان ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم دین کے تقاضے پورا کریں اور دوسروں کو بھی دین کے اصول اور تقاضے پورا کر نے کی تلقین کرتے رہیں۔ جماعت اسلامی کی دعوت صرف اللہ اور اس کے رسولۖ کی طرف اور دین کے اندر پورا داخل ہونے کی دعوت ہے۔

انہوں نے  کہا کہ 2018کے الیکشن کی تیاری کے لئے ہمیں ابھی سے تیاریاں کرنے اور بہترین منصوبہ بندی کے ساتھ الیکشن میں شریک ہونے کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی عوام کے مسائل حل کر نے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ارکان و امیدواران جماعت اسلامی کی تنظیم میں بہت اہمیت رکھتے ہیں اس لئے کسی بھی مہم میں ان کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا مزید کہا کہ کرپٹ قیادت اور فرسودہ نظام نے ملک کو کنگال اور عوام کو بدحال کرکے رکھ دیا ہے۔ انسانوں کے بنائے ہوئے تمام باطل نظام ناکام ہوچکے جنہوں نے عوام کو نااہل قیادت، بھوک وافلاس اورمحرومیوں کے سوا کچھ بھی نہیں دیا۔ دین فطرت اسلام کے رہنما اصولوں پر عمل کرکے ہی انسانیت تمام مسائل سے نجات حاصل کرسکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جبر کے خاتمہ اور عدل کے نظام کیلئے عوام کو جماعت اسلامی کا بھرپور ساتھ دینا چاہئے کیونکہ جماعت اسلامی کھوکھلے نعروں پر نہیں بلکہ عملی اقدام پر یقین رکھتی ہے،کراچی میں دو بار سٹی ناظم سے لیکر قومی و صوبائی اسمبلیوں میں جماعت اسلامی کے لوگوں کی خدمت ، دیانت و امانت کا کردارپوری قوم کے سامنے ہے۔ عوام کو ملک کی ترقی اور اپنی آنے والی نسل کے بہتر مسقبل کیلئے نااہل وکرپٹ قیادت سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔

حافظ نعیم الرحمان نے اس موقع پر یکم تا 15 مارچ تک پورے کراچی میں ”خوشحال پاکستان فنڈ” کے حوالے سے مہم شروع کرنے کا اعلان کیا، جس میں ضلع وسطی کا اہم کردار ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے اس موقع پر ارکان جماعت اسلامی کے سوالات کے جواب دیئے جبکہ جنرل سیکریٹری ضلع وسطی محمد یوسف نے سال 2016 کی تنظیمی رپورٹ پیش کی۔