قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے پا کستان سپر لیگ کا فائنل لاہورمیں کرانے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دہشتگردی سے خوف زدہ ہو کر زندگی کے معمولات کو معطل نہیں کر سکتے ،پی ایس ایل فائنل کا کامیابی سے لاہور میں انعقاد سے ہم دنیا پر ثابت کریں گے کہ ہم بزدل نہیں ہیں اور ہر طرح کے مشکل حالات کے باوجود ہم اپنے عزم و ہمت سے دشمن کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔
پیر کو اپنے ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ کرکٹ کسی ایک پارٹی یا صوبے کا کھیل نہیں ہےاور ہمیں اس کو سیاست سے بالا ہو کر قومی نقطہ نظر سے دیکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ ہمارا مقبول کھیل ہےاور ملک میں اس کی بحالی ہمارے لئے بحثیت قوم حوصلہ افزا اقدام ہے۔
انہوں نے پی ایس ایل کے فائنل میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ کرکٹ سیاست نہیں اس لئے ہم سب کو اس ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہنا چائیے۔