تحریک حریت بہادری سے حالات کا مقابلہ کررہی ہے،سید علی گیلانی

274

تحریک حریت جموں وکشمیر پارٹی کے چئیرمین سید علی گیلانی کا کہنا ہے کہ تحریک حریت کے عہدیداران اور  کارکن  خندہ پیشانی کے ساتھ حالات کا مقابلہ کررہے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیر کی مجلس شوریٰ اورمرکزی وضلعی عہدیداران کا ایک اجلاس پارٹی چئیرمین سید علی گیلانی کی صدارت میں حیدرپورہ سرینگر میں منعقد ہوا جس میں چیئرمین تحریک حریت اور مجلس شوریٰ کی مدّت کار میں ایک سال کا اضافہ کیا گیا اور انہیں نئے تنظیمی انتخابات کے انعقاد تک اپنی ذمہ داریاں سرانجام دینے کی درخواست کی گئی۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اجلاس نے اس سلسلے میں تحریک حریت کے دستور میں اتفاق رائے سے ایک ترمیم کی منظوری دی ۔ اجلاس کے بعد جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک حریت میں ایک شورائی اور جمہوری نظام قائم ہے جس کے تحت ہر 3سال بعد تنظیمی انتخابات کرائے جاتے ہیں جن میں چیئرمین اور مجلس شوریٰ کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

بیان میں کہا گیاکہ اس دستوری نظام کے مطابق 2016ء نئے تنظیمی انتخابات کا سال تھا لیکن جولائی 2016ء میں جموں و کشمیر میں ایک بے مثال عوامی احتجاجی تحریک شروع ہوئی جس کی وجہ سے تنظیمی انتخابات کا انعقاد مقررہ وقت پر نہیں ہوسکا۔ بیان میں کہا گیا کہ تحریک حریت کے دستورکے مطابق غیر معمولی حالات میں تنظیم کے چیئرمین کی مدّت کار میں 6ماہ کے اضافے کی گنجائش موجود تھی اور2016ء میں اس پر عمل کیاگیا اور آج تک اسی کے مطابق تنظیمی امورات کو چلایا جاتا رہا ہے۔

 بیان کے مطابق آج کے غیر معمولی اجلاس میں تحریک حریت کے جنرل سیکریٹری محمد اشرف صحرائی نے ایک قرارداد پیش کی جس میں نامساعد حالات میں تنظیم کے چیئرمین اور مجلس شوریٰ کی مدّت کار میں ایک سال کے اضافے کی تجویز پیش کی گئی اور اجلاس میں شامل تمام ارکان نے اتفاق رائے سے قرارداد کی توثیق کی۔چیئرمین تحریک حریت سید علی گیلانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک حریت محض ایک تنظیم نہیں بلکہ ایک تحریک اور انقلاب کا نام ہے جو اسلام کی سربلندی، بھارت کے جبری قبضے سے جموں وکشمیر کی آزادی اور اتحاد ملّت کے مقدس اہداف کے حصول کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔انہوں نے کہاکہ تحریکِ آزادی کشمیر میں اس تنظیم کا ایک منفرد مقام ہے اور اس نے قربانیوں کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آج بھی تحریک حریت کے عہدیداران اور کارکناں کی ایک بڑی تعداد جیلوں اور انٹروگیشن سینٹروں میں نظربند ہے اور وہ بڑی بہادری اور خندہ پیشانی کے ساتھ حالات کا مقابلہ کررہے ہیں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ تحریک حریت ایک ساتھ دینی، سیاسی اور سماجی تنظیم ہے اور اس کا مزاج ہر حیثیت سے شورائی اور جمہوری ہے۔

دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے ایک بیان میں وضاحت کی ہے کہ حریت کانفرنس یا آزادی پسندوں کی مشترکہ قیادت کی طرف سے ہڑتال کی کال نہیں دی گئی ہے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں افواہوں پر کان نہ دھریں ۔