افریقی ملک جنوبی سوڈان سے مزید ہزاروں شہری وہاں جاری جنگ اور بھوک کی وجہ سے اپنے گھر بار کر بیرون ملک جا رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے مہاجرین کے ادارے یو این ایچ سی آر نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتوں اور مہینوں میں جنوبی سوڈان سے وسیع تر عوامی ترک وطن کے اس رجحان میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ رواں سال کے شروع سے لے کر اب تک جنوبی سوڈان سے سوڈان پہنچنے والے شہریوں کی تعداد 32ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
عالمی ادارہ برائے مہاجرین نے ان بے گھر باشندوں کی فوری مدد سے لیے عالمی برادری سے ایک سو اٹھاون ملین یورو کی اپیل کی تھی، جن میں سے اب تک اس ادارے کو صرف پانچ فیصد رقوم مہیا کی گئی ہیں۔ جنوبی سوڈان نے دو ہزار گیارہ میں ایک آزاد ریاست کی حیثیت حاصل کی تھی اور دسمبر دو ہزار تیرہ سے وہاں خانہ جنگی جاری ہے۔