سی ٹی ڈی نے کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں کارروائی کر کے مذہبی جماعت کے 3ٹارگٹ کلر کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ،ملزمان 10افراد کی تارگٹ کلنگ کے ساتھ سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کا نٹر ٹیررازم ڈپارٹ کے انچارج علی رضا نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہو ئے بتایا کہ سی ٹی ڈی کو خفیہ اطلاع ملی کہ ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزمان شاہ فیصل کالونی میں موجود ہیں جس پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہو ئے مقابلے کے بعد 3ملزمان نایاب بیگ عرف راجو ، شکیل عرف منا اور الطاف قادری کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2 کلاشنکوف 3 پستول اور گولیاں برآمد کرلیں۔
علی رضا نے دعوی کیا کہ ملزمان کا تعلق کراچی کی ایک مذہبی جماعت سے ہے اور ملزمان شاہ فیصل کالونی میں 10افراد کی تارگٹ کلنگ کے ساتھ بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہیں ،پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔