کراچی آپریشن ہرصورت میں اپنے منطقی انجام تک پہنچائیں گے،گورنرسندھ

195

گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ امن کو پائیدار بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائیں گے جب کہ کراچی آپریشن ہرصورت میں اپنے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

منگل کو گورنرسندھ محمد زبیرکی زیر صدارت صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید، سکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ اوردیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں سکریٹری داخلہ اورآئی جی سندھ نے گورنرسندھ کو صوبہ میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔اجلاس کے دوران گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں امن کے قیام کے لئے رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اوران قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے،امن کو پائیدار بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے جب کہ کراچی آپریشن ہر صورت میں اپنے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

گورنرسندھ نے کہا کہ مارچ سے شروع ہونے والی مردم شماری ملک کے لیے بہت اہم ہے،اس سے آبادی کے درست اعداد و شمار دستیاب ہوں گے، کراچی سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل شہربن چکا ہے اوراسے عالمی معاشی نقشہ پر جگہ دلوانے کے لئے یہاں دیرپا امن کا قیام نا گزیرہے۔

گورنرسندھ نے کہا کہ سرمایہ کاری بہتر امن و امان سے مشروط ہوتی ہے، دیرپا امن کے قیام کے لئے ہم سب کو مشترکہ طورپرکام کرنا ہوگا۔ سی پیک کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کی تکمیل سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا جب کہ سی پیک سے منسلک چینی شہریوں کی فول پروف سکییورٹی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔