امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے کہا ہے کہ عراق اور شام میں داعش کے شدت پسندوں کو شکست دینے کے لیے وائٹ ہاؤس کو ابتدائی نوعیت کا منصوبہ بھیجا دیا گیا ہے۔
وائس آف امریکا کے مطابق امریکی محکمہ دفاع نے داعش کی سرکوبی کے لئے منصوبہ بندی کرلی ہے اور تجاویزات پر مشتمل منصوبہ کا مسودہ وائٹ ہاؤس بھیج دیا گیا ہے۔ پینٹاگان کے ترجمان جیف ڈیوس نے اِسے وسیع دستاویز پر مشتمل منصوبے کا خلاصہ قرار دیا، جس کا مقصد شام اور عراق میں انتہاپسند گروپوں کا انسداد ہے، جہاں داعش ریاست قائم کرنے کی خواہاں ہے،تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات معلوم نہیں ہو سکیں ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے چیرمین، جنرل جوزف ڈنفرڈ نے کہا تھا کہ حکمتِ عملی کی مدد سے مشرق وسطیٰ اور دیگر مقامات پر القاعدہ اور دیگر انتہا پسند گروہوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔اْنھوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ یہ منصوبہ فوجی قوت کے علاوہ ہوگا، جسے اْنھوں نے سیاسی فوجی منصوبہ قرار دیا۔