پاکستان اور کرغزستان کا توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق

198

وزیراعظم محمد نواز شریف نے ای سی او سربراہ اجلاس کے موقع پر کرغزستان کے وزیراعظم جین بیکوف سورنبائی کے ساتھ ملاقات کی۔

وزیراعظم نے سربراہ اجلاس میں شرکت پر کرغز وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی شرکت سربراہ اجلاس کی تجاویز کو گرانقدر بنانے میں بڑی مفید ثابت ہوئی۔

کرغز وزیراعظم نے سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کو مبارکباد دی اور اپنے اور اپنے وفد کے پرتپاک مہمان نوازی پر اظہار تشکر کیا۔ وزیراعظم نے مئی 2015ءمیں اپنے بشکک کے دورہ کا ذکر کیا جو بڑا مفید رہا تھا۔ انہوں نے اس دورہ کے دوران فیصلوں پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماﺅں نے تجارت، معیشت، توانائی اور دفاعی تعاون میں اضافہ کی ضرورت پر زور دیا۔ اس سلسلہ میں انہوں نے شاہراتی روابط پر پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا جو جمہوریہ کرغز کو پاکستان سے ملائے گی۔ دونوں ممالک نے توانائی اور رابطوں کے شعبوں میں جاری کوششوں پر سرگرمی سے کام کرنے پر اتفاق کا اظہار کیا۔