خواجہ غریب نواز اجمیر شریف بھارت کے گدی نشین حضرت سید سرور چشتی نے بدھ کے روز ادارہ نورحق کا دورہ کیا اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔
حافظ نعیم الرحمن نے سید سرور چشتی کی آمد پر ان کا خیر مقدم کیا ۔ملاقات میں مسلمانوں کی حالتِ زار اور دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے ان کو اجرک پہنائی اور تفہیم القرآن کا ہدیہ پیش کیا۔
ملاقات میں اس امر پر اتفاق رائے پایا گیا کہ اتحاد بین المسلمین اور ملتِ اسلامیہ کے تصور کو تقویت دینے کے لیے ضروری ہے کہ تمام مسلمان جزوی وفروعی معاملات اور مسالک کو بالائے طاق رکھتے ہوئے صرف ملت کے لیے سوچیں۔
سیدسرور چشتی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر میں صوفیائے کرام کا سلسلہ بہت طویل ہے ۔درگاہ اجمیر شریف پر مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلم بھی آتے ہیں ۔ہم مسالک سے بالا تر ہو کر ملت کی بات کرتے ہیں اور سب سے کہتے ہیں کہ آپس میں ایک دوسرے پر کفر کے فتوے نہ لگائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بلا شبہ ایک منظم جماعت ہے اور اس سے وابستگان پڑھے لکھے ہیں ۔ جماعت اسلامی کے اثرات بھی موجود ہیں ۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کی دعوت مسالک اور فرقوں سے بالا تر ہے ۔ مولانا مودودیؒ کا پورا لٹریچر اتحاد اور ملت کے تصور کو اُجاگر کر تا ہے ۔جبکہ دین اسلام بھی انسانیت اور امن کا درس دیتا ہے ۔جماعت اسلامی ہمیشہ امت کے وسیع تر مفاد میں سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے اور مختلف جماعتوں اور مسالک سے وابستہ افراد کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر نے کے لیے کوشاں رہی ہے اس سلسلے میں ہم نے متحدہ مجلس عمل اور ملی یکجہتی کونسل بھی بنائی اور یہ کوششیں آج بھی جاری ہیں ۔
اس مو قع پر سکریٹری کراچی عبد الوہاب ، نائب امراء برجیس احمد ، مظفر احمد ہاشمی ، ڈاکٹر اسامہ رضی ، مسلم پرویز ،ڈاکٹر واسع شاکر،ڈپٹی سیکریٹری راشد قر یشی ،جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی کے سربراہ سیف الدین ایڈوکیٹ ، ٓرٹس کونسل ٹاک شو کمیٹی کے چیئرمین شکیل احمد خان ، ہیومن رائٹس نیٹ ورک کراچی کے صدر انتخاب عالم سوری اور دیگر بھی موجود تھے ۔