فیملی لمیٹڈ کمپنیوں نے عوام کو ذلت اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں دیا،لیاقت بلوچ

186

جماعت اسلامی پاکستا ن کے سیکرٹری جنرل اور سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے لاہور میں جماعت کی پارلیمانی اور سیاسی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قیادت اور نظام کی تبدیلی کے لیے سیاسی ،جمہوری ، آئینی انتخابی عمل ہی پائیدار طریقہ ہے لیکن بدقسمتی سے سیاسی جماعتوں پر ہیرو شپ ، فیملی کلب اور فیملی لمیٹڈ کمپنیاں مسلط ہیں جس سے ملک کی مسلسل ترقی کا عمل رک گیاہے ۔غربت ، بے روزگاری اور ذلت و رسوائی عوام کا مقدر بنادیا گیا ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے عملاً ہر قومی پالیسی پر حاوی ہیں ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ عام انتخابات میں عوام ایسی پارٹیوں کو مسترد کر دیں جو ان پر محرومیوں ، جہالت کی تاریکیوں اور غربت وبے روزگاری مسلط کرنے کی ذمہ دارہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں نظریاتی تہذیبی کشمکش میں نظریہ پاکستان کی حفاظت ناگزیر ہے ۔ سیاسی اور جمہوری میدان میں ظالم اور مظلوم ، غیر ت و حمیت اور بے غیرتی و بے حیائی کا مقابلہ ہے ۔ جماعت اسلامی باطل کو شکست دینے کے لیے اہل حق کو منظم کرے گی ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ دہشتگردی کے خاتمہ کے لیے رد الفساد بھی اہم ہے لیکن دہشتگردوں اور کرپٹ سیکولر مافیا کی بیخ کنی کے لیے رد الکرپشن آپریشن ضرور ی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم سپریم کورٹ سے امید لگائے ہوئے ہے کہ کرپٹ عناصرنااہل ہوں اور موثر احتساب کے عمل اور قانون سازی کے لیے مضبوط روڈ میپ دیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل میچ کا خیر مقدم کرتی ہے ۔ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آئیں ،زندہ دلان لاہور انہیں سر انکھوں پر بٹھائیں گے۔