متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن کی دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ جمعہ کو دبئی میں ہو گا، پشاور زلمی کو فیصلہ کن معرکے تک رسائی کیلئے کراچی کنگز کا چیلنج درپیش ہو گا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پہلے ہی فائنل میں پہنچ چکی ہے اور وہ 5 مارچ کو ٹائٹل کے حصول کیلئے پشاور زلمی یا کراچی کنگز کے مدمقابل ہو گی۔ پی ایس ایل ٹو اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے، کوئٹہ کی ٹیم نے پہلے کوالیفائنگ فائنل میں پشاور زلمی کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنا رکھی ہے جبکہ دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ آج جمعہ کو کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ میں ہو گا۔
کراچی کنگر نے دوسرے کوالیفائنگ فائنل میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرایا تھا۔ دونوں ٹیموں کی حالیہ فارم اور کارکردگی کو مدنظر رکھتے توقع کی جا رہی ہے تیسرے کوالیفائنگ فائنل میں شائقین کو سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔