کانگو میں فوج اور ملیشیا گروپ کے درمیان جھڑپیں،22 افراد ہلاک

137

کانگو کی فوج اور ایم 23 نامی ملیشیا گروپ کے درمیان جھڑپوں کے دوران 2 فوجیوں سمیت 22 افراد ہلاک ہو گئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کانگو کی فوج کے جنرل لیون مشیل نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ یہ ہلاکتیں گذشتہ ماہ کے دوران ملک کے مشرقی حصوں میں فوج اور ایم 23 کے باغیوں کے درمیان مختلف جھڑپوں میں ہوئیں، ان جھڑپوں میں مزید 6 فوجی اہلکار زخمی ہوئے جبکہ 25 باغی گرفتار ہوئے یا انہوں نے ہتھیار ڈال دیئے۔

جنرل لیون مشیل نے کہا کہ جھڑپوں کے باعث ایم 23 کے بعض ارکان یوگنڈا اور روانڈا کی طرف فرار ہو گئے۔ واضح رہے کہ ایم 23 توتسی قبائل کے ارکان پر مشتمل گروپ ہے جنہوں نے 2009ء میں امن معاہدے پر دستخط کئے تھے تاہم بعدازاں الزام عائد کیا کہ حکومت اس معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہی۔