چین کا دفاعی اخراجات میں سات فیصد اضافے کا اعلان

175

چین نے رواں سال سے اپنے دفاعی اخراجات میں سات فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ چین کی جانب سے دفاعی اخراجات کے اعلان سے چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دفاعی بجٹ میں دس فیصد اضافے کا اعلان کیا تھا۔یہ اعلان بیجنگ میں نیشنل پیپلز کانگرس کے سالانہ اجلاس سے قبل کیا گیا ہے۔گذشتہ کئی سالوں میں چین نے اپنی معیشت کے بڑھنے کے ساتھ تیزی سے اپنی فوج کو جدید ہتھیاروں سے لیس کیا ہے۔تاہم اس کے باوجود چین کا دفاعی بجٹ امریکہ کے بجٹ سے بہت کم ہے۔

یہ مسلسل دوسرا سال ہے جس میں چین کے دفاعی بجٹ میں اضافہ مجموعی طور پر دوہرا ہندسے عبور نہیں کر پایا ہے۔حکومتی ترجمان فو ینگ کا کہنا ہے کہ چین رواں برس اپنے مجموعی جی ڈی پی کا ایک اعشاریہ تین فیصد دفاع پر خرچ کرے گا۔انھوں نے بتایا کہ چین کی فوج کی توجہ دفاع اور ایشیا میں استحکام کے لیے فوج کی تشکیل پر مرکوز ہے۔’ہم پرامن طور پر مسائل کے حل کی ترویج کر رہے ہیں، ساتھ ہی ہمیں اپنی سالمیت اور دلچسپیوں کے لیے بھی صلاحیت کی ضرورت ہے۔

حکومتی ترجمان فو ینگ کا یہ بھی کہنا تھا کہ چین کی صلاحتیوں کے مستحکم ہونے سے خطے میں امن اور استحکام بڑھے گا اور یہ خطے کے مفاد میں ہے اس کے خلاف نہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے وزیراعظم لی کی چیانگ اتوار کو پارلیمنٹ میں دفاعی اخراجات کے بارے میں تفصیلات فراہم کریں گے۔

خطے میں جہاں سرحدی تنازعات شدت اختیار کر رہے ہیں وہاں چین کے دفاعی اخراجات میں اضافے اور بحری قوت کو مضبوط بنانا خطے میں تشویش کا باعث ہے،جنوبی بحیرہ چین میں چین نے اپنی سمندری حدود سے باہر مصنوعی جزیرے بنائے ہیں۔