مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ قصبے میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے شہری کی نمازجنازہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد ایوب وانی کو بھارتی فورسز نے پلوامہ قصبے کے مورن چوک میں قائم بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے بنکرپر گرینیڈ حملے کے بعد اندھا دھند فائرنگ کرکے شہید کیا تھا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ایوب وانی کے سینے میں گولی کا زخم تھا اوربھارتی فورسز نے گرینیڈ حملے کے بعد فائرنگ کرکے انہیں بدلے میں شہید کیا ہے۔محمد ایوب وانی کی شہادت کے بعد علاقے میں زبردست احتجاجی مظاہرے ہوئے اور بھارتی پولیس اور دیگر فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے بعد مظاہرین اور فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔
بھارتی فورسز نے انگریزی روزنامے گریٹر کشمیر کے فوٹو گرافر کامران یوسف کو اپناپیشہ ورانہ فرض نبھانے پر تشدد کا نشانہ بنایا۔ کامران یوسف کا کہنا ہے کہ وہ جھڑپوں کے دوران تصویریں بناررہا تھا اور چند پولیس اہلکار ان کی طرف آئے جن میں سے ایک نے انہیں کئی تھپڑ مارے اور لاٹھی سے مارا جبکہ ان کا کیمرہ بھی چھیننے کی کوشش کی گئی۔