آج انسانیت کا سب سے بڑا بحران سیرت وکردار کی کمی ہے،راشدنسیم

245

نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان راشدنسیم نے کہا ہے کہ آج انسانیت کا سب سے بڑا بحران سیرت وکردار کی کمی ہے،امریکہ جیسے بڑے ملک کا صدربھی ایسا فرد بن گیا ہے جس پرایک درجن سے زائدخواتین نے بداخلاقی کے الزامات لگائے ہیں ،جبکہ پانامہ لیکس نے بہت سارے پاکستانی حکمرانوں وسیاستدانوں کو بے نقاب کردیا ہے،سندھ کے کئی وزراءتو ملک ہی چھوڑگئے ہیں ،ان کرپٹ مافیا نے پاکستان کی سونا اگلنے والی زمین کو بھی بنجر بنادیا ہے ۔اس لیئے اسلامی نظام اورصالح قیادت ہی تمام مسائل کا حل ہے نوجوان امت مسلمہ کا قیمتی سرمایہ اورمستقبل ہیں،ان شاءاللہ آنے والہ وقت اسلام ومسلمانوں کا ہے۔جمعیت طلبہ عربیہ کے نوجوان اپنے سیرت وکردار کو سنوارتے ہوئے میدان عمل میں اتریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت طلبہ عربیہ کے تحت منصورہ ہالا میں منعقدہ دوروزہ تعمیر سیرت کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرجماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری جنرل سیکرٹری ممتازحسین سہتو،قائم مقام منتظم اعلیٰ الطاف کشمیری اورمنتظم صوبہ جلال الدین منصوری بھی خطاب کیا۔

راشدنسیم نے مزید کہا کہ جمعیت طلبہ عربیہ تحریک اسلامی کا وہ قیمتی سرمایہ ہے جومختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے طلباءوعلماءکو ایک پلیٹ فارم پرمتحد رکھنے کی جدوجہد میں مصروف ہے یہی لوگ پاکستان اورامت کا مستقبل ہیں۔

جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری جنرل سیکرٹری ممتازحسین سہتونے کہا کہ آج دنیا میں بے دینی بنیاد پرستی کا رویہ اختیار کئے ہوئے ہے اور طعنہ اسلام پسند وروادار قوتوں کو دیا جاتا ہے،اس وقت دنیا میں اسلامی تحریکوں کی قیادت صرف مسجد ومحراب والے لوگ ہی نہیں بلکہ ان کے ساتھ کالج ویونیورسٹیوں کے اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگ بھی شانہ بشانہ جدوجہد میں مصروف عمل ہیں۔تمام مسالک کے طلباءکو ایک دوسرے کے قریب لانے اوراقامت دین کی جدوجہد کیلئے حقیقی شعورکے ساتھ متحد کرناجمعیت طلبہ عربیہ کا بڑاکردار ہے کیونکہ مسلکی دراڑیں امت مسلمہ کے لیئے بہت خطرناک ہیں جس سے دشمن قوتیں فائدہ اٹھا سکتی ہیں اسلے طلبہ عربیہ کو اپنی جدوجہد کو مزید تیزکرنا ہوگا۔

ممتاز سہتو نے کہا کہ آج ہمارے معاشرے میں قرآن وحدیث کی اشاعت کے لیئے ادارے خطیب اور پرنٹنگ پریس میں بہت کام ہورہاہے لیکن ان لوگوں کی معاشرے کو ضرورت ہے جواپنی سیرتوں کی تعمیرکرتے ہوئے آج کی انسانیت کے لیئے رہنمائی کا کرداراداکریں جنہیں دیکھ کرمثال دی جائے کہ اسلام کے نام لیوا اسطرح اعلیٰ کردار کے مالک تھے۔