پی ایس ایل ٹو کے چیمپئن کا فیصلہ کل ہوگا

196

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فیصلہ کن معرکہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین اتوار کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں مصنوعی روشنیوں میں ہو گا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے کوالیفائنگ فائنل میں پشاور زلمی کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، پہلے ایڈیشن کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں چھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، گلیڈی ایٹرزکے کپتان سرفراز احمد اس بار ٹائٹل جیتنے کیلئے پرامید ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ دستیاب بہترین کھلاڑیوں کو میدان میں اتاریں گے، پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونا خوش آئند ہے، ہوم گراؤنڈ اور کراؤڈ میں کھیلنے کیلئے تمام کھلاڑی بے تاب ہیں، ان کا کہنا تھا ٹیم کا مورال بلند ہے اور گزشتہ چند روز سے فائنل کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں۔

دوسری جانب پشاور زلمی نے ڈیرن سیمی کی قیادت میں پہلی بار فائنل تک رسائی حاصل کی ہے، زلمی کی ٹیم پہلے مرحلے میں ٹاپ رہی مگر پہلے کوالیفائنگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست کے بعد اسے تیسرے کوالیفائنگ میں کراچی کنگز سے نبرد آزما ہونا پڑا، اس میچ میں زلمی نے عمدہ کم بیک کیا اور 24 رنز سے فتح حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنائی۔

زلمی کے مداحوں کیلئے بری خبر یہ کہ بوم بوم آفریدی کیرن پولارڈ کی ایک تیز ہٹ پر کیچ پکڑنے کی کوشش میں ہاتھ زخمی کروا بیٹھے جس کی وجہ سے ان کے ہاتھ میں 12 ٹانکے آئے ہیں اور وہ فائنل نہیں کھیل سکیں گے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل ٹو کا فائنل پہلی بار پاکستان میں ہو رہا ہے جس کی وجہ سے شائقین کرکٹ کا جوش و خروش عروج پر ہے اور ہر کسی کی کوشش ہے کہ وہ گراؤنڈ میں جاکر میچ دیکھے۔ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں منعقد کرنا پاکستان کرکٹ بورڈ کی بڑی کامیابی ہے اور اس سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے راہ ہموار ہو جائے گی۔