سری نگر:بھارتی فورسز نے پلوامہ سے 22 افرادگرفتار کرلیے

147

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے ضلع پلوامہ کے علاقے رتنی پورہ میں رات کے دوران چھاپوں میں22 معصوم نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق گرفتاریوں کے خلاف علاقے میں مکمل ہڑتال کی گئی اورزبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔چند روز قبل ایک کٹھ پتلی وزیر علاقے سے گزررہے تھے کہ رتنی پورہ کے نزدیک ان کے قافلے پر شدید پتھراؤ کیا گیا۔قافلے میں شامل بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے آنسو گیس کے گولے داغے اورہوا میں فائرنگ کی ۔

بھارتی پولیس نے بعد میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب رتنی پورہ کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کرمعصوم نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے دوران مجموعی طور 22افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں سے بیشتر نو عمر ہیں اور ان کا پتھراؤ کے واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ چھاپوں کے دوران مکینوں کو خوفزدہ کیا گیا اورانہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔گرفتاریوں کے خلاف رتنی پورہ میں مکمل ہڑتال کی وجہ سے معمول کی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی اور لوگوں نے زبردست احتجاجی مظاہرے کئے۔

ادھربھارتی فورسز نے ضلع کے علاقوں کاکہ پورہ اور رینزی پورہ میں شبانہ چھاپوں کے دوران جماعت اسلامی کے امیر ضلع سمیت مزید5فراد کو گرفتار کیاہے۔بھارتی پولیس نے کاکہ پورہ سے 4افراد کو جبکہ ایس او جی اہلکاروں نے رینزی پورہ اونتی پورہ سے جماعت اسلامی کے امیر ضلع ریاض احمد کو گرفتارکیا ہے۔