پاکستان کے تمام صوبوں کے ملک کے وسائل پر یکساں حقوق ہیں اور ہماری یہ ذمے داری بنتی ہے کہ ہم تمام صوبوں بشمول فاٹا اور گلگت بلتستان کے مابین وسائل کی منصفانہ تقسیم کو ممکن بنائیں،وزیراعظم میاں محمد نواز شریف

358

اسلام آباد(اے پی پی+مانیٹر نگ ڈ یسک) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام صوبوں کے ملک کے وسائل پر یکساں حقوق ہیں اور ہماری یہ ذمے داری بنتی ہے کہ ہم تمام صوبوں بشمول فاٹا اور گلگت بلتستان کے مابین وسائل کی منصفانہ تقسیم کو ممکن بنائیں،پاکستان کو حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ ریاست بنانے کے لیے حکومت کا وژن ملک کے تمام وفاقی یونٹوں کی ترقی اورخوشحالی کے بغیرممکن نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بات ہفتے کو
وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثنا اللہ زہری سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیر اعظم کوصوبائی حکومت کی طرف سے عوامی فلاح وبہبود کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں اورسماجی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں سلامتی کی صورتحال میں بہتری کی وجہ سے ترقیاتی اور سماجی بہبود کے منصوبوں کو نئی روح،جذبے اور توانائی کے ساتھ شروع کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھانے پروزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیااورکہا کہ ماضی میں بلوچستان کے عوام کی محرومیوں پر وفاقی حکومت کی طرف سے موزوں طریقے سے توجہ نہیں دی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ خود بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں اوراسکیموں کی رفتار کا جائزہ لیتے ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ ان کی حکومت کاایجنڈاملک بھرمیں ترقی و خوشحالی کاہے،گوادرکی بندرگاہ بلوچستان اورخطے کے عوام کی حالت بدلنے کی استعداد رکھتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت نے ترقیاتی منصوبوں اوراقدامات کی بدولت سے بلوچستان کے عوام بااختیار ہوں گے اور وہ زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی استعداد کار کو بروئے کار لائیں گے۔