آئی پی ایل مالکان کو میچ دیکھنے کی دعوت دیتا ہوں،جاوید آفریدی

306

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نےآئی پی ایل کے مالکان کو پی ایس ایل کا فائنل میچ لاہور میں دیکھنے کی دعوت دی ہے۔

اپنی ٹیم میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کو لاہور لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اس پر تمام پاکستانی ہی ان کی بہت تعریف بھی کر رہے ہیں لیکن اب انہوں نے ایک ایسا کارنامہ سرانجام دیدیا ہے کہ بھارت کی بھی بولتی بند کر دی ہے۔

ایک جانب جہاں پوری دنیا پاکستان سپر لیگ کی کامیابی کا اعتراف کر رہی ہے اور غیر ملکی کھلاڑی بھی اسے بہترین لیگ قرار دے رہے ہیں تو دوسری جانب بھارتی اس لیگ سے بالکل بھی خوش نہیں ہیں اور سوشل میڈیا پر آئے روز اپنی نفرت کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔

آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل نہ کرنے سے دوطرفہ کرکٹ سیریز کے اختتام تک، بھارت نے ہر مرتبہ ہٹ دھرمی کا ہی مظاہرہ کیا اور آئی پی ایل فرنچائز مالکان بھی لکیر کے فقیر بنے رہے ہیں تاہم جاوید آفریدی نے انہی مالکان کو پی ایس ایل کا فائنل میچ لاہور میں دیکھنے کی دعوت دی ہے۔

جاوید آفریدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ میں ذاتی طور پر اور کھلے دل کے ساتھ آئی پی ایل(انڈین پریمئر لیگ)کے مالکان کو لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کی دعوت دیتا ہوں، حدود قیود کے بغیر پرامن کرکٹ چاہتے ہیں۔