جماعت اسلامی کا خوشحال پاکستان فنڈ مہم کا آغاز،عوام سے تعاون کی اپیل

209

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی ہدایت پر یکم تا 15مارچ ملک گیر ”خوشحال پاکستان فنڈ مہم ” کے سلسلے میں ادارہ نور حق میں مرکزی کیمپ قائم کر دیا گیا ہے ۔جماعت اسلامی کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو نے کیمپ کا افتتاح کیا  اور فیتہ کاٹ کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا ۔

اس مو قع پر اسد اللہ بھٹو ،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، اور دیگر رہنمائوں نے فنڈ بکس میں نقد عطیات ڈالے ۔مرکزی کمیپ کے افتتاح کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ سیاست کو خدمت سمجھا ہے۔بد قسمتی سے ملک کے اندر سیاست کر نے والوں کی اکثریت کا مقصد کرپشن اور اپنی تجوریوں کو بھر نا رہا ہے ۔کراچی میں عبد الستار افغانی 7سال تک مئیر رہے لیکن وہ اپنا ذاتی گھر نہ بنا سکے ۔نعمت اللہ خان نے بھی سٹی ناظم کی حیثیت سے شہر کی خدمت کی ،امانت اور دیانت کی مثالیں قائم کیں ۔سراج الحق صوبائی وزیر خزانہ اور سینئر وزیر رہے ۔ جماعت اسلامی کو جب بھی موقع ملا جماعت اسلامی نے عوام کی خدمت کی اور اس پر کوئی دشمن بھی انگلی نہیں اُٹھا سکتا اور نہ کرپشن کا الزام لگا سکتا ہے ۔جماعت اسلامی کی قیادت کرپشن سے پاک قیادت ہے ۔

Asadullah-Bhutto-and-Hafiz-Naeem-during-Fund-for-Honest-Party-campaign-1

انہو ں نے کہا کہ کراچی سے پشاور تک اور کشمیر سے بولان تک جماعت اسلامی کے کارکنان خوشحال پاکستان فنڈ مہم چلائیں گے اور دیانت دار پارٹی اور ملک کی خوشحالی کے لیے فنڈ جمع کریں گے ۔

اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ جماعت اسلامی کو ماضی میں بھی عوامی خدمت اور دیانت کی ہی بدولت عوام نے رضاکارانہ طور فنڈ دیا ہے اور آئندہ بھی دیں گے ۔اس مہم میں بھی عوام ماضی کی طرح تعاون کریں گے اور خوشحال پاکستان فنڈ مہم ملک کی ترقی و خوشحالی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سنگ میل ثابت ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ملک کے اندر کرپشن کے خلاف سب سے پہلے آواز بلند کی اور بھر پور مہم ،جدو جہد کا آغاز کیا ۔کرپشن کے خلاف جدو جہد ان شاء اللہ ضرور کامیاب ہوگی اور پاکستان ایک اسلامی اور خوشحال پاکستان بن کر رہے گا ۔اسلامی اور خوشحال پاکستان ہی عوام کے مسائل کاحل اور ملک کو  بحرانوں سے نجات کی ضمانت ہے ۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان نے  ملک بھر میں خوشحال پاکستان فنڈ قائم کر کے ایک مہم کا آغاز کیا ہے ۔جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس کے اندر جمہوریت ہے اور قیادت کرپشن سے پاک ہے اور جماعت اسلامی  نے امانت اور دیانت کی مثالیں قائم کی ۔سپریم کورٹ  میں پانامہ کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے یہ ریمارکس دیئے کہ اگر دفعہ  63/62پر عمل کیا جائے تو پھر پارلیمنٹ میں موجود لوگوں میں سے سراج الحق کے سوا کوئی باقی نہ بچے گا ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی بھر میں مہم کا آغاز ہو چکا ہے اور کارکنان اور ذمہ داران فنڈ جمع کر رہے ہیں ۔آج ہم نے یہاں فنڈ دے کر اپنا حصہ ادا کیا ہے اور عوام سے بھی اپیل  ہے کہ وہ اس فنڈ میں تعاون کریں ۔اس وقت کراچی میں 80لاکھ روپے خوشحال پاکستان فنڈ میں جمع کیے جا چکے ہیں ۔مہم کے سلسلے میں بڑے پیمانے پر رابطے کیے جائیں گے اور شہر بھر میں مختلف زونز کے تحت کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔