پی ایس ایل فائنل، ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ

155

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر پی ایس ایل فائنل کے حوالے سے تجزیوں اور تبصروں کی بھرمار نظر آ ئی اور پاکستان میں پی ایس ایل فائنل ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے فائنل کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے، طویل عرصے کے بعد ملک میں انٹرنیشنل طرز کی کرکٹ کی بحالی کی جانب قدم نے عوام کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دی ہیں اور پی ایس ایل کا آخری معرکہ زبان ذد عام ہے۔

شائقین کرکٹ نے اپنے تمام ضروری کام ملتوی کر کے دوستوں اور رشتہ داروں کے ساتھ مل کر میچ دیکھنے کے پروگرام بنا رکھے ہیں جب کہ عوام کی بڑی تعداد ٹکٹس نہ ملنے کی وجہ سے مایوس بھی نظر آ رہے ہیں لیکن براہ راست میچ سے محظوظ ہونے کے لئے مختلف شہروں میں بڑی اسکرینوں کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل میچ پر تبصروں اور خوشی کے اظہار کے لئے عوام کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کا سہارا لیا جارہا ہے اور اس وقت پی ایس ایل کا آخری معرکہ ٹویٹر کا ٹاپ ٹرینڈ بن چکا ہے۔

شہری دل کھول کر پی ایس ایل فائنل پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں، ٹویٹر پر اپنے پیغامات میں شہری ایونٹ کے کامیاب اور پْر امن انعقاد کے لئے دعا گو ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ تمام تر مخالفت کے باوجود اور دہشت گرد حملوں کو شکست دے کر پاکستان میں کرکٹ واپس آگئی اور فائنل کا دن پاکستان کرکٹ کی فتح کا دن ہے۔