منی لانڈرنگ کے لئے قومی اداروں کو استعمال کیاجارہاہے،شاہ محمود قریشی

144

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ حکومت نے ملک کو قرضوں کے جال میں پھنسا دیا ہے ، منی لانڈرنگ کے لئے قومی اداروں کو استعمال کیا جارہا ہے ، قوم کے سکون اور قومی اداروں کو گروی رکھ دیا گیا ہے ، پاناما کیس کے فیصلے کے منتظر ہیں ۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکومت نے ملک کو قرض کے جال میں پھنسا دیا ہے ، سود اتارنے کے لئے بھی مزید قرض درکار ہے ، قوم کے سکون اور قومی اداروں کو گروی رکھ دیا گیا ہے۔ سمجھ نہیں آتی قوم کس طرح قرضوں سے باہر نکلے گا ۔

منی لانڈرنگ کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کے لئے قومی اداروں کو استعمال کیا جارہا ہے اور اب تو امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ نے بھی ہمارے موقف کی تائید کر دی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جتنا آپ کو پاناما لیکس کے فیصلے کا انتظار ہے اتنا ہی ہم بھی منتظر ہیں۔