کابل:افغان فورسز کی کارروائی میں داعش کے 37 ارکان ہلاک

155

مشرقی افغانستان کے صوبہ ننگرہارکے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں شدت پسند تنظیم داعش کے 37ارکان ہلاک ہوگئے، قندہار میں طالبان اورسیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں 15طالبان اور6پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے،ہ قندوز میں ایک دھماکے میں 15طالبان ہلاک ہوگئے ۔

افغان میڈیا کے مطابق حکام نے بتایا کہ ننگرہارکے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں شدت پسند تنظیم داعش کے 37ارکان ہلاک ہوگئے جن میں تین خود کش حملہ آور بھی شامل ہیں۔گورنر ننگرہار کے ترجمان عطاء اللہ خوگیانی نے بتایا کہ کارروائیاں کوٹ اورآچین کے علاقوں میں کی گئی تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

جنوبی صوبہ قندہار میں طالبان اورسیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں 15طالبان اور6پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔پولیس کے مطابق یہ جھڑپیں ضلع نیش کے علاقے میں ہوئیں۔شمالی صوبہ قندوز میں ایک دھماکے میں 15طالبان ہلاک ہوگئے ۔

وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ افرادضلع امام صاحب میں اس وقت ہلاک ہوئے جب ان کی گاڑی میں دھماکہ ہوا۔حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں طالبان کے خودکش سکواڈ کے ارکان شامل تھے۔

دارالحکومت کابل میں ایک دھماکے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا،دھماکہ سکستھ پولیس ضلع میں ہوا اورحکام نے ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔