ایکنک اجلاس میں 96 ارب کے میگا پروجیکٹس کی منظوری

194

قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی ایکنک نے چھیانوے ارب روپے مالیت کے کچھی کینال کے پہلے فیز پروجیکٹ سمیت تین میگا پروجیکٹس کی منظوری دیدی ہے۔

وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت ایکنک اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔جس میں تین مختلف منصوبوں کی منظوری دیدی گئی۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا کیضلع صوابی میں پیہور کینال صوابی کے توسیعی منصوبے کیلئے 10 ارب 15 کروڑ 60 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔ منصوبے کیلئے 8 کروڑ 62 لاکھ 90 ہزار ڈالر ایشیائی ترقیاتی بنک مہیا کرے گا۔ پیہور کینال کیلئے پانی تربیلا ڈیم سے لیا جائیگا۔

اجلاس میں راوی، کالاشاہ کاکو اور نشاط آباد سب ڈویژن کی گیس انسلیٹڈ سب اسٹیشنز ٹیکنالوجی پر منتقلی کی منظوری دی گئی جس کیلئے 5 ارب 68 کروڑ 70 لاکھ خرچ ہونگے۔ نئی ٹیکنالوجی سے سب اسٹیشنز کی کارکردگی بہتر اور نظام پر انحصار بہتر ہوجائیگا اور نظام سے 684 میگاواٹ اضافی بجلی پیدا ہو سکے گی۔

اجلاس میں کچھی کینال فیز 1 منصوبے کے لیے 80 ارب 35 کروڑ 20 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔ منصوبے سے بلوچستان کے ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد، بولان، کچھی اور جھل مگسی کے اضلاع مستفید ہونگے۔ کچھی کینال کو 6 ہزار کیوسکس پانی تونسہ بیراج سے ملیگا جس سے 7 لاکھ 13 ہزار ایکڑ زمین سیراب کی جا سکے گی۔ پہلے مرحلے میں 72 ہزار ایکڑ زمین کو سیراب کیا جائیگا۔ ایکنک اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال اورسکندر حیات بوسن نے بھی شرکت کی ۔